اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر زاخیل وال نے کہاہے کہ پاکستان اب بھی افغان طالبان پر اثر و رسوخ رکھتا ہے اور پاکستان نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی تاہم اس کے خاطر خواہ نتائج نہیں نکل سکے۔بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے افغان سفیر نے کہا کہ وہ اب بھی پر امید ہیں کہ پاکستان افغان طالبان کو دوبارہ مذاکرات پر آمادہ کر سکتا ہے۔اْنھوں نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے موسم بہار کے ساتھ تازہ آپریشن کے اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مذاکرات میں دلچسپی نہیں لے رہے۔افغان سفیر نے بتایا کہ چار فریقی گروپ کے اگلے اجلاس کیلئے ابھی تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے۔افغان سفیر کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ طالبان امن مذاکرت میں دلچپسی نہیں لے رہے ہیں کیونکہ اگر وہ بات چیت میں سنجیدہ ہوتے تو افغانستان میں اْن کے حملوں میں کمی آتی۔افغان حکومت اور طالبان کا ایک دوسرے کے خلاف آپریشن کے اعلان پر افغان سفیر نے کہا کہ عوام کی دیرینہ خواہش پر حکومت نے افغان طالبان سے مذاکرات کی ہامی بھری تھی لیکن طالبان نے ہمیشہ امن کی بجائے جنگ کو ترجیحی دی ہے۔