اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور وزیر داخلہ کے ایک ہی جہاز میں سفر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور چوہدری نثار کا مک مکا بے نقاب ہوگیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہاکہ عمران خان اور چوہدری نثار کے ایک ساتھ سفر نے کئی سوالات اٹھادئیے ٗ وہ ماضی میں بہت گہرے دوست اور کلاس فیلو رہ چکے ہیں اور صاف طور پر ایسا نظر آرہاہے کہ (ن )لیگ اور پی ٹی آئی میں چوہدری نثار کے ذریعے مک مکا کرایا جارہا ہے ٗانہوں نے دونوں رہنماوں کے اکٹھا سفر کرنے پر شدید تحفظات اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے راستے میں جرمنی پہلے اور لندن بعد میں آتا ہے ، عمران خان نے لندن جبکہ چوہدری نثار نے جرمنی جانا ہے لیکن چوہدری نثار کا جرمنی سے گزر کر لندن جانا اور پھر واپس جرمنی آنا معنی خیز ہے۔