اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کی ٹی وی کیبل میں ایسی بڑی اور خوشگوار تبدیلی آنیوالی ہے کہ اس بارے میں اعلان بھی ہو گیا اور یقینی طور پر صارفین ٹی وی کیبل میں اس بڑی اور خوشگوار تبدیلی کے بارے میں جان کر خوش ہو جائیں گے۔ پاکستان میں کیبل ٹی وی سسٹم ایک برس کے اندر ڈیجیٹل میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ کیبل آپریٹر ز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی او اے پی )ستمبر 2016تک ملک بھر میں انالاگ کیبل سسٹم کو ڈیجیٹیل کیبل سسٹم کے ساتھ تبدیل کر دے گا۔شروع میں ڈیجیٹیل کیبل سسٹم کا آغاز ملک کے 12شہروں سے کیا جائے گا اور اس منصوبے پر 90بلین روپے خرچ ہونگے۔ سی او اے پی کے نمائندوں نے چیئرمین پاکستان ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)ابصار عالم کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نے حکومت سے درخواست کر رکھی ہے کہ کیبل آپریٹرز کو ایک انڈسٹری کا درجہ دیا جائے اور بیرون ممالک سے ڈیجیٹل کیبل ٹی وی کے ضروری سامان درآمد کرنے کے لئے ٹیکس معاف کیا جائے یااس پر چھوٹ دی جائے۔ ملک میں ڈیجیٹل کیبل سسٹم کے آغاز سے صارفین اپنے ٹی وی پر ہائی ڈیفینیشن سٹریمز (ایچ ڈی رزلٹ )کے ساتھ محضوظ ہو سکیں گے۔تاہم ڈیجیٹل کیبل کے حصول کے لئے پانچ ہزارروپے کے لگ بھگ ایک اضافی سیٹ ٹاپ بکس بھی لگانا پڑے گا۔ ایک برس کے اندر ملک کے جوشہرڈیجیٹل کیبل حاصل کر سکیں گے ان میں کراچی ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور، ملتان ، حیدرآباد ، کوئٹہ ، سکھر، فیصل آباد، حسن ابدال اورگوجرانوالہ شامل ہیں۔چیئرمین پیمرا نے کہا ہے کہ کیبل آپریٹر ز ایسوسی ایشن اور پیمرا کے درمیان انالاگ سسٹم کی ڈیجیٹل کیبل سسٹم میں تبدیلی سے متعلق اتفاق ہوا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں رواں برس مئی کے آخر تک ڈیجیٹل کیبل سسٹم شروع ہو جائے گا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں اس نظام کے لاگو ہونے میںستمبر 2016کے آخر تک کی تاریخ رکھی گئی ہے