لورالائی۔۔۔۔ صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیئر کور کے ایک کیمپ پر حملہ ہوا ہے جس میں سات ایف سی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔کوئٹہ میں ایف سی کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ضلع لورالائی کے علاقے نیختر میں بڑی تعداد میں شدت پسندوں نے فرنٹییر کور کی چیک پوس پر حملہ کیا۔ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیچلو چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں سات ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایف سی کی جانب سے جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور بھی زخمی ہوئے ہیں۔ایف سی نے اس حملے کے بعد شدت پسندوں کا تعاقب جاری ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل قلعہ سیف اللہ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایئرفورس کے ملازم کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
ہلاکت کے بعد اس کی لاش گوال اسماعیل زئی کے علاقے میں پھینکی گئی تھی۔ مارا جانے والا ایئر فورس کا اہلکار ان دس مغویوں میں شامل تھا جنھیں کوئٹہ اور ڑوب کے درمیان سفر کے دوران قلعہ سیف اللہ سے اغوا کیا گیا تھا۔اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے ائیر فورس کے ملازم کی جیب سے ایک پرچی ملی ہے جس کے مطابق اسے ہلاک کرنے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی ہے۔
اس سے قبل فرنٹیئر کور کی سرچ آپریشن کے دوران ایک جھڑپ میں چار عسکریت پسند اور ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق یہ سرچ آپریشن ضلع خضدارکے علاقے مشکے سناڑی میں کیا گیا۔