اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ریئر ایڈمرل شامخانی نے کہاہے کہ ایران اور پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف مشترکہ سخت کارروائی کا عزم کر رکھا ہے,دونوں ممالک کے درمیان اس مقصد کےلئے تعاون ناگزیر ہے اور ہم نے وزیراعظم نواز شریف سے مختلف شعبوں میںتعاون پر بات چیت کی ہے ۔وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ایران نے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اس حوالے سے ایران کو بھی خصوصی تجربات ہوئے ہیں اور دونوں ممالک دہشتگردی کامقابلہ کر نے کےلئے تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک نے تمام شعبوں میں تعلقات کومضبوط بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے ہم نے اقتصادی , سیاسی , سکیورٹی , دفاع اور عالم اسلام کو درپیش مسائل سمیت علاقائی صورتحال پر بات چیت کی ہے اور آئندہ بھی باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔واضح رہے کہ اس عہدے پر فائز ہونے کے بعد شامخانی کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے جنہوںنے وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں ۔