پشاور (این این آئی)وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 3 ارب روپے صحت کارڈ کی مد میں فوری جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیے جبکہ محکمہ خزانہ نے فنڈز ریلیز اعلامیہ جاری کر دیا۔مشیر خیبرپختونخوا حکومت مزمل اسلم کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صحت کارڈ پلس پر بریفنگ لی اور 3ارب روپے صحت کارڈ کی مد میں فوری جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔مزمل اسلم نے کہا کہ سابق وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے حلف لیتے ہی عوام کی صحت کارڈ پلس سہولت بحال کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صحت کارڈ میں 41 رب روپے مختص کیے ہیں، پچھلے سال کے 36ارب کے مقابلے میں اب تک 4 ماہ میں خزانہ 9.65ارب جاری کر چکا ہے۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا ویژن علاج سب کیلئے اور فری جاری رہے گا جبکہ سوشل میڈیا پر صحت کارڈ معطلی بارے خبریں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کو صحت کارڈ رقوم کی ادائیگی حسب معمول جاری ہے، تمام سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔





















