اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عمر بڑھنے کے ساتھ اگر آپ مختلف دائمی بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنی خوراک میں پھلوں اور سبزیوں کی مقدار بڑھانا نہایت فائدہ مند ہوسکتا ہے۔یہ بات آسٹریا کی ویانا یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ تحقیق کے مطابق نباتاتی غذاؤں کا زیادہ استعمال کینسر اور کارڈیو میٹابولک امراض کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کرسکتا ہے۔کارڈیو میٹابولک امراض میں موٹاپا، ذیابیطس، بلند فشار خون، ہائی کولیسٹرول اور دل کے امراض شامل ہیں۔ اس مطالعے میں 6 یورپی ممالک کے 37 سے 70 برس کی عمر کے چار لاکھ سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کو اہمیت دینے سے کینسر سمیت دیگر دائمی امراض کا خطرہ تقریباً 32 فیصد کم ہوسکتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ گوشت کا مکمل ترک کرنا ضروری نہیں بلکہ پھلوں، سبزیوں، دالوں اور سالم اناج کو زیادہ استعمال میں لانا صحت کے لیے کافی فائدہ مند ہے۔ماہرین نے وضاحت کی کہ یہ مثبت اثرات درمیانی اور زیادہ عمر کے دونوں گروہوں میں دیکھے گئے ہیں، خواہ عمر 60 سال سے کم ہو یا زیادہ۔تحقیق میں زور دیا گیا کہ متوازن اور صحت مند غذائی عادات اپنانے سے طویل المدتی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔یہ تحقیق جرنل Lancet Healthy Longevity میں شائع ہوئی۔