اسلام آباد (نیوزڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں واضح کمی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اگست 2025 کے لیے قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے۔اوگرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے 74 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 209 روپے 24 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، اگست کے مہینے کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2541 روپے 36 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو کہ جولائی میں 2750 روپے 60 پیسے تھی۔اسی طرح، فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔ جولائی میں اس کی قیمت 233 روپے فی کلو تھی، جبکہ اب اگست کے لیے یہ کم ہو کر 215 روپے 36 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔اوگرا کے اس اقدام سے گھریلو صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔