اسلام آباد (این این آئی)رواں مالی سال 2025-26ء کے شروع ہوتے ہی ملک میں مہنگائی نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے ،ایک ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.73فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی میں اضافے کی شرح 1.52فیصد سے بڑھ کر 2.06فیصد ہوگئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6اشیا سستی اور 27 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 40روپے، پیاز 5روپے 56پیسے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں بھی 8روپے، لہسن فی کلو 18روپے اور آلو کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ ہوا،اسی طرح چینی کی فی کلو قیمت میں بھی ایک روپے 52پیسے، چاول، دال مسور، ڈیزل، دہی، مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 302روپے 23پیسے سستا ہوا، انڈے فی درجن دو روپے تک اور دال مونگ ایک روپے تک سستی ہوئی، دال چنا، سرسوں کا تیل سستاعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.74فیصد اضافے کیساتھ منفی3.02فیصد، 17ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.80فیصد اضافے کیساتھ منفی 3.93فیصد رہی۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق 22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.72فیصداضافے کیساتھ منفی2.37فیصد، 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.76فیصداضافے کے ساتھ منفی 1.51فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق 44ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.70فیصداضافے کیساتھ منفی 0.72فیصدرہی ہے۔