اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے حساس ادارے کی معلومات پر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل سپلائی کرنے والے نادرن بائی پاس کے پمپوں کے خلاف انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کاروائیاں کی گئیں جس میں پیٹرول پمپوں سے 96ہزار 697 لٹرز اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رضانقوی کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل کی بڑی مقدار نادرن بائی پاس کے پیٹرول پمپوں کے زیر زمین ٹینکوں میں ذخیرہ کیا جاتا ہے اور بعدازاں اس اسمگل شدہ ڈیزل کو 7مزدا ٹرکوں کے ذریعے شہر بھر میں منظم طریقے سے سپلائی کیا جاتا ہے۔
معلومات کی بنیاد پر نادرن بائی پاس کے پیٹرول پمپوں پر کریک ڈان کیا گیا جہاں سے 2کروڑ 50لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ ڈیزل اور 3کروڑ روپے مالیت کے 7 مزدا ٹرکس برآمد کیے گئے۔حکام نے مقدمہ درج کرکے اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اور 7مزدا ٹرکس ضبط کرلیے ہیں۔اس طرح سے کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے گزشتہ 8روز کے دوران اسمگل شدہ ڈیزل کے خلاف مختلف کاروائیوں میں 3کروڑ 19لاکھ 40ہزار روپے مالیت کا 1لاکھ 23ہزار 497 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔