اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی رفتار میں مزید کمی آئی ہے۔ ادارے کے مطابق، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.69 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 2.72 فیصد کی منفی شرح نوٹ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، گذشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی 51 اشیا میں سے 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی، اور 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ زندہ مرغی کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی، جو فی کلو 54 روپے 42 پیسے کم ہوئی۔ اسی طرح ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 29 پیسے اور لہسن کی قیمت میں 41 روپے 76 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ پیاز کی قیمت 6 روپے 15 پیسے فی کلو کم ہوئی، جبکہ گھریلو استعمال کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی 29 روپے 75 پیسے کی کمی دیکھی گئی۔ آٹا، آلو، دالیں، چینی، گڑ اور گھی جیسی بنیادی ضروریات کی اشیا بھی سستی ہونے والی فہرست میں شامل رہیں۔
دوسری جانب، بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، دال چنا کی قیمت میں 3 روپے 19 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، جلانے کی لکڑی، سگریٹ، چائے کی پتی، تازہ دودھ اور چاول بھی مہنگے ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔