اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ماہ کی تنخواہیں 24 تاریخ کو جاری کی جائیں گی۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ان کی ادائیگیاں 24 تاریخ کو کر دی جائیں گی۔ یہ اقدام عید الفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت بھی سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن عید سے پہلے ادا کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق پاکستان میں عید الفطر 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تنخواہیں اور پنشن قبل از وقت جاری کی جائیں۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین کو 27 مارچ کو تنخواہیں ادا کی جائیں گی، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو بھی اسی دن پنشن فراہم کر دی جائے گی۔
وزارت خزانہ نے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ تمام مالی معاملات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔