اسلام آباد (این این آئی)سال 2025ء کے پہلے ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3ارب ڈالر ملک بھیجے ہیں۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جنوری 2025میں ورکرز ترسیلات 3ارب ڈالر رہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جنوری 2024ء کے مقابلے میں جنوری 2025ء میں 25فیصد زیادہ رقوم بھیجی گئی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے 7مہینوں کی ورکرز ترسیلات 20.8ارب ڈالر رہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے 7مہینوں کی ورکرز ترسیلات مالی سال 2024ء کے سات مہینوں سے 31.7فیصد زائد رہیں، مالی سال 2420کے ابتدائی سات مہینوں میں 15.8ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئی تھیں۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جنوری 2025میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 72.83کروڑ ڈالر بھیجے ہیں، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2025میں 62.17کروڑ ڈالر بھیجے ہیں، برطانیہ سے 44.36کروڑ اور امریکا سے 29.85کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔