باراچنار(این این آئی)پاراچنار میں پیٹرول اور ڈیزل کا بحران شدیدہوگیاجس کے بعد 1200 روپے لیٹر تک فروخت ہونے لگا۔ذرائع کے مطابق پاراچنار میں راستوں کی طویل بندش کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت برقرار ہے۔ شہریوں نے بتایاہے کہ اپر کرم کے مختلف مقامات پر فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل 1200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کے سبب لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ پیدل جانے پر مجبور ہیں۔
پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے پیٹرول اور ڈیزل کے دو درجن سے زائد ٹینکرز ہنگو میں روکے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ایندھن کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔ اس صورتحال کے باعث پاراچنار شہر میں پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے، کیونکہ زیادہ تر پانی ٹینکرز کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔ٹرانسپورٹ تنظیموں اور شہری عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ قافلے میں پیٹرول اور ڈیزل کے ٹینکرز کو شامل کر کے بحران کا فوری حل نکالا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔