اسلام آبا د(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے اپنے ہی پرنسپل سیکرٹری پر مبینہ طور پر دباو ڈالے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ صدر مملکت نے اپنے پرنسپل سیکرٹری وقار احمد سے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل اور آرمی ایکٹ ترمیمی بلز کے معاملے پر ان پر پارٹی کی طرف سے بہت دبائو ہے۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ ابھی وہ خاموش ہوجائیں، 2، 3 سال بعد پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو ان کی تلافی کردی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی گفتگو پر وقار احمد نے جواب دیا کہ وہ چند ماہ میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، عارف علوی اپنی سیاست کیلیے ان کے بے داغ کیریئر پر دھبہ نہ لگائیں۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی خواہش تھی کہ وقار احمد بلز کے معاملے پر باضابطہ کوئی وضاحت نہ دیں اور کوئی خط نہ لکھیں، لیکن وقار احمد نے دباو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ پرنسپل سیکرٹری وقار احمد نے صدر مملکت کو یہ بھی بتایا کہ اگلے مہینے ان کی بیٹی کی شادی ہے اور ان کے لیے یہ بات بہت تکلیف دہ ہے کہ ان پر کسی ایسی بات کا الزام لگایا جائے، جس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔