اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے چیئرمین / وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت کے قصبے شاہ اللہ دتہ میں واقع بدھا کے ہزاروں سال قدیم غاروں کا دورہ کیا گیا، میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا علاقہ تاریخی اعتبار سے اتنا ہی قدیم ہے
جتنی انسانی تاریخ،آج بھی یہاں دنیا کے قدیم ترین مذاہب ہندو دھرم اور بدھ مت کی موجودگی کے شواہد پائے جاتے ہیں، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سیکٹر ڈی بارہ کے نزد شاہ اللہ دِتہ کے قدیمی قصبے میں تقسیم ِبرصغیر سے قبل ایک ہندو سادھو کا بسایا ہرا بھرا باغ ایسا اجڑا ہے کہ اب اسکے آثار بھی نظر نہیں آرہے۔ ہزاروں سال قدیم گھنے درختوں میں گھِرے بْدھا کے غاروں کے دوسری پار ٹیکسلا کا تاریخی قدیمی علاقہ ہے جو ایک زمانے میں گندھارا تہذیب کا مرکز ہوا کرتا تھا۔سوشل میڈیا پر بدھا کے غاروں سے منسوب من گھڑت اطلاعات کو رد کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہاکہ شاہ اللہ دتہ میں واقع مقدس غار ہر مذہب کیلئے باعث احترام ہیں، ماضی میں یہاں ہر مذہب کے نیک بندوں نے مخلوقِ خدا کی خدمت کی ہے، یہ کسی صورت آسیب زدہ نہیں ہوسکتے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ شاہ اللہ دتہ کا قدیم قصبہ ایک مرتبہ پھر مذہبی ہم آہنگی کی علامت بن کر اْبھرے۔ دورے کے دوران مقامی لوگوں نے شکوہ کیا کہ یہ علاقہ کہنے کو تو اسلام آباد میں شامل ہے لیکن یہاں کے باسی اکیسویں صدی میں بھی بیشتر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ وہ سیاحت کے فروغ کیلئے اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بدھ اکثریتی دوست ممالک سے عالمی سیاحوں کی آمد علاقے کی پسماندگی دور کرنے کا باعث بھی بنے گی۔ اس موقع پر تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے سفراء کرام، ڈپلومیٹس، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان بھی ہمراہ تھے۔