راولپنڈی (این این آئی)آٹا سستا ہونے کے باوجود روٹی کی قیمت کم نہ ہوسکی ،نان بائیوں نے قیمتیں کم کرنے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق فائن آٹے اورمیدے کی 20کلو تھیلے کی قیمت میں 800روپے جبکہ 80کلو والی بوری 2ہزار روپے سستی ہونے کے باوجود روٹی اور نان کی قیمت جوں کی توں برقرار ہے
روٹی 20روپے، نان 25 جبکہ روغنی نان 50روپے تک مل رہا ہے، مہنگائی کے اس طوفان پر شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرانی قیمت 10سے 15روپے میں مزدور طبقہ کا گزارا ہوجاتا تھا، لیکن اب مشکل ہوجاتا ہے۔عوام نے نان بائیوں سے روٹی کی قیمت میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب آٹا سستا ہوگیا تو روٹی سستی کیوں نہیں کرتے۔نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی نے کہا ہے کہ جتنی بھی چیزیں نان بائی کے استعمال میں آتی ہیں ان کے پرانے ریٹ بحال ہوجائیں گے تو ہم پریس کانفرنس کر کے انتظامیہ حکومت اور عوام کو بتا دیں گے کہ ہم نے ریٹ کم کر دئیے ہیں۔