اسلام آباد (این این آئی)کسٹم کی خصوصی عدالت نے 4 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز دبئی سے اسلام آباد سمگل کرنے کے مقدمے میں ملزم عدنان شاہ کو جرم ثابت ہونے پر 5سال قید اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنادی جب کہ سزا سنتے ہی مجرم کمرہ عدالت سے فرار ہوگیا۔انسداد کسٹم کی خصوصی عدالت کی جج شبانہ رسالت نے دبئی سے 4کروڑ روپے مالیت کے اسلام آباد ائیرپورٹ اسمگل کیے جانے والے 155قیمتی موبائل سیٹ کیس میں فیصلہ سنایا۔
کمرہ عدالت موجود مجرم عدنان شاہ نے 5سال قید، پکڑے گئے موبائل فون بحق سرکار ضبط اور تمام منقولہ، غیر منقولہ جائیداد ضبطگی کا فیصلہ سنتے ہی رش کا فائدہ اٹھاتے عدالت سے گرفتاری دینے کے بجائے دوڑ لگا دی۔کچہری سیکورٹی پولیس، تھانہ پولیس اور کسٹم پولیس دیکھتی رہ گئی، مجرم پولیس کی تمام رکاوٹیں توڑتا فرار ہوگیا۔عدالت نے کسٹم پولیس، عدالتی سیکیورٹی اہلکاروں کی سخت سرزنش کی، کسٹم حکام نے رواں سال جنوری میں مجرم کو دبئی سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موبائل اسمگل کرتے گرفتار کیا تھا۔مجرم کے وکیل نے گفتگو کرتے کہا یہ فیصلہ غلط ہے، عدالت صرف جرمانہ کر سکتی تھی، فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔بعد ازاں کسٹم پولیس نے مجرم کے گھر اور دفتر بھی چھاپہ مارا مگر مجرم موجود نہیں تھا، عدالت نے تھانہ پولیس اور کسٹم پولیس کو فرار مجرم کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔