لاہور (اسپورٹس ڈیسک) دنیا کی امیر ترین کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے درمیان انعامی رقم کے فرق پر سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کی چیمپئن ٹیم کے لیے 2.32 ملین امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 63 کروڑ 79 لاکھ روپے بطور انعام مقرر کیے ہیں۔ اس کے مقابلے میں پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کو صرف 5 لاکھ امریکی ڈالر، یعنی لگ بھگ ساڑھے 14 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
یوں دونوں لیگز کی چیمپئن ٹیموں کو ملنے والی انعامی رقم میں تقریباً 49 کروڑ روپے کا واضح فرق سامنے آتا ہے۔
اسی طرح، رنر اَپ ٹیموں کی بات کریں تو آئی پی ایل کی دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 1.5 ملین ڈالر (تقریباً 41 کروڑ 24 لاکھ روپے) کی خطیر رقم ملتی ہے، جب کہ پی ایس ایل کی رنر اپ ٹیم کو صرف 2 لاکھ ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے) کی رقم دی جاتی ہے۔
آئی پی ایل میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو بھی بھاری انعامات ملتے ہیں۔ تیسری پوزیشن کے لیے 8 لاکھ 10 ہزار 800 ڈالر (تقریباً 22 کروڑ 29 لاکھ روپے) اور چوتھی پوزیشن کے لیے 7 لاکھ 52 ہزار 894 ڈالر (تقریباً 20 کروڑ 70 لاکھ روپے) کی رقم مختص ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے لیے کسی قسم کی انعامی رقم نہیں رکھی گئی، جس پر شائقین کی جانب سے مایوسی کا اظہار بھی دیکھنے میں آیا ہے۔