اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے دوسرے مقابلے میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم ایک ناخوشگوار ریکارڈ کے ساتھ خبروں کی زینت بن گئے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے یعنی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ “ڈک” کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مزید اوپر چلے گئے۔
اس فہرست میں بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور وہ اب پشاور زلمی کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کے ہم پلہ ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے کا اعزاز اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کے پاس ہے، جو اب تک 12 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹ چکے ہیں۔ ان کے بعد پشاور زلمی کے سابق تیز گیند باز وہاب ریاض کا نام آتا ہے، جنہوں نے 10 بار صفر پر آؤٹ ہونے کا “اعزاز” حاصل کیا ہے۔