کراچی (این این آئی)سابق کرکٹر کامران اکمل نے بابر اعظم کے والد اعظم صدیق کی سوشل میڈیا پوسٹ پر ردعمل دے دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل نے کہا کہ مجھ پر برا وقت آیا لیکن میں نے اپنے والد اور بھائیوں کو کہا تھا کہ آپ کا کوئی کام نہیں ہے بولنا یا پوسٹ لگانا آپ اپنے کام سے کام رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی بہتر سمجھتا ہے جو اس نے میرے لیے فیصلہ کیا ہے۔کامران اکمل نے کہا کہ یہ پالیسی ہر کھلاڑی کی فیملی کو اپنانی پڑے گی ادارے کے خلاف آپ ایسا کریں گے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے بیٹے پر تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کے رکن اور کیپ ملنے کے بعد بابر اعظم ڈراپ ہوئے وہ نیشنل ٹی 20 اور پی ایس ایل میں کارکردگی دکھاکر دوبارہ واپس آجائے گا۔بابر کے والد نے لکھا تھا کہ سابق کھلاڑیوں سے درخواست ہے وہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں، ایسا نہ ہو کہ کوئی پلٹ کر جواب دے تو برداشت نہ ہو، آپ ماضی ہیں دوبارہ نہیں کھیلیں گے۔اعظم صدیق نے کہا تھا کہ جو چیخ و پکار کررہے ہیں ان کی اپنے دور میں کیا کارکردگی رہی ہے، پی سی بی کی ویب سائٹ ایک بار دیکھ لیا کریں، عقل مندوں کے لیے اشارہ کافی ہے۔انہوں نے لکھا تھا کہ لوگ کہتے ہیں باپ زیادہ بولتا ہے، میں بابر کا پہلا اور آخری کوچ، ترجمان اور مینٹور ہوں۔