لاہور(این این آئی)پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی دو پاکستانی کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں نہ دیکھ کر حیران ہوگئے۔سابق ہیڈ کوچ جیسی گلیسپی کا کہنا ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ عرفان خان نیازی اور سفیان مقیم کی شمولیت سے دفاعی چیمپئنز کو جاری چیمپئنز ٹرافی میں خاطر خواہ فائدہ ہوسکتا تھا۔
حالیہ انٹرویو میں گلیسپی نے دونوں کھلاڑیوں کی عدم شمولیت پر حیرت کا اظہار کیا اور خاص طور پر عرفان نیازی کی ہارڈ ہٹنگ اور فیلڈنگ کی تعریف کی۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ عرفان نیازی پاکستان میں ہارڈ ہٹر اور کلین اسٹرائیکرز میں سے ایک ہیں، وہ بہترین فیلڈر بھی ہیں میں یقین نہیں کرسکتا کہ انہیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔سابق آسٹریلوی لیجنڈ نے اسپنر سفیان مقیم کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی اور انہیں پاکستان ٹیم کے لیے اہم اثاثہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سفیان مقیم بہت باصلاحیت کرکٹر ہے جسے اگر صحیح مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتے ہیں۔