لاہور( این این آئی) قومی کرکٹر فخرزمان نے ریٹارئرمنٹ کے حوالے سے آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ میں نے بھی ریٹارئرمنٹ کے حوالے سے کافی خبریں سنی ہیں، میری ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں غلط ہیں،ون ڈے فارمیٹ میرا پسندیدہ فارمیٹ ہے، تھائی رائیڈ کی وجہ سے سوچا تھا کہ کرکٹ سے کچھ دیر بریک لوں، ابھی تک میرے ذہن میں ایسا کچھ نہیں ہے، میں چاہتا ہوں کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلوں، انشا اللہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ایک مہینے کے اندر اندر دوبارہ ٹریننگ شروع کروں گا ۔ فخرزمان نے پی سی بی ڈیجیٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی بڑا ایونٹ ہے ، 2017 چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ کافی یادیں ہیں، میرے ذہین میں تھا کہ شاید یہ ٹورنامنٹ میرے لئے لکی ثابت ہو گا، ون ڈے فارمیٹ ایسا ہے جو میں پسند کر تا ہوں، میں نے اس ٹورنامنٹ کے لئے خصوصی طور پر کافی کچھ سوچا ہوا تھا، بیماری سے جب ٹھیک ہوا تو اسی ٹورنامنٹ کے لئے تیاری شروع کر دی تھی، ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ آپ زیادہ وقت لو مگر میں نے پہلے ہی تیاری شروع کر دی تھی۔
انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ کافی مضبوط ہوں ، کبھی کبھی اپنے جذبات پر قابو نہیں پاتا ، بیٹے نے بھی کہاکہ تھا آپ درد میں کھیل رہے تھے۔فخر زمان نے بتایا کہ جب انجری ہو گئی تو درد سے اندازہ ہو گیا تھا کہ میرے لئے چیمپئنز ٹرافی ختم ہو گئی، نیوزی لینڈ کے خلاف اگر اوپننگ کرتا تھا تو شایدچیزیں مختلف ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ ٹارگٹ میں اوپنرز کا کردار ہوتا ہے کہ پہلے 10 اوورز میں تیز رنز کریں۔انہوں نے کہا کہ انجری کے دوران فیلڈنگ اسی لئے کی تھی تاکہ اوپن کروں، کبھی کبھی لوگوں کی امیدیں زیاد ہ ہوتی ہیں مگر آپ کچھ کر نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ریڈبال پر بھی فوکس کیا مگر کوچز کی اپنی پلاننگ ہوتی ہے ، ابھی بھی چاہتا ہوں کہ ریڈبال کھیلوں، آج کل اسٹرائیک ریٹ زیادہ ضروری ہے، اگر رسک لیتے ہیں تو رنز بن سکتے ہیں۔