دبئی (این این آئی)پاکستانی بیٹرز کی پرانی بیماری ختم نہ ہوسکی، چیمئپنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھی ڈاٹ بالز کھیلنے کی روایت نہ چھوڑی۔ نیوزی لینڈ کے بعد بھارت کیخلاف بھی قومی ٹیم نے ڈاٹ بال کا انبار لگا دیا، آئی سی سی چیمئپنز ٹرافی کے سب سے بڑے میچ میں بھی بلے بازوں نے اپنی روایت نہ بدلی۔ہ اس چیمپیئنز ٹرافی میں صرف افغانستان ایسا ملک ہے کہ جس کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم سے زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں، افغان ٹیم نے 65.8فیصد جبکہ پاک ٹیم نے 56.4 فیصد ڈاٹ بال کھیلیں۔
اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، بھارت، ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اپنے میچز کے دوران ڈاٹ بالز کھیلیں۔قومی بلے باز298 میں سے 152 گیندیں ڈاٹ کھیل گئے، اوپنر امام الحق نے چھبیس گیندیں کھیلیں، 19 ڈاٹ بالزکھیلیں، اٹھارہ پر کوئی رن نہ بنایا۔کپتان رضوان نے 60 سے بھی کم کے اسٹرائیک ریٹ سے46 رنز جوڑے انہوں نے 77گیندوں کا سامنا کیا جس میں 43 ڈاٹ کھیلیں۔ گرین شرٹس پہلے میچ کی طرح دوسرے میں بھی پورے 50 اوور نہ کھیل سکیں۔قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 298 بالز کا سامنا کیا اور اس میں 152 ڈاٹ بالز کھیلیں، محمد رضوان اور سعود کی پارٹنر شپ میں دس اوور کے دوران صرف 27 رنز بن سکے، دونوں نے 104رنز 144گیندوں پر بنائے۔
اس سے قبل گزشتہ میچ میں قومی بیٹرز نے کیویز کیخلاف 284میں سے 162ڈاٹ بال کھیلی تھیں، ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں بھی 139، ایک سو تیرہ اور170 ڈاٹ بال کھیلی تھیں۔ نہ جانے اس بیماری کاعلاج کب کیسے اورکون کریگا؟۔اس کے علاوہ بالرز کی بات کی جائے تو شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے مجموعی طور پر 23 اوور کرائے اور دو وکٹیں لیں۔