لاہور ( این این آئی) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاہے کہ جب ساری دنیا کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان آئیں تو بھارت کو بھی آنا چاہیے تھا، اب پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کو شکست دے۔ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ساری ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں تو بھارت کو بھی آنا چاہیے تھا اب وہ نہیں آئے تو میں کیا بولوں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان نہیں آرہا اب یہ بات پرانی ہوگئی، قومی ٹیم کو چاہیے کہ اب بھارتی ٹیم جہاں بھی میچ کھیلے اسے شکست دے کر فتح حاصل کرے اور قوم کا مزہ دوبالا کردے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں پر اس حوالے سے بہت ذمہ داری عائد ہوتی ہے، فتح کی وجہ سے ہی چاروں صوبے اور ملک بھر کے عوام خوشی میں ایک ہی جھنڈے کے نیچے آجاتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پندرہ رکنی اسکواڈ میں کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جن کے بارے میں مجھے معلوم ہے وہ کہاں سے آئے مگر اس پر ہم بعد میں بات کریں گے کیونکہ چیمپئنز ٹرافی ابھی سر پر ہے۔
انہوں نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا کہ ساری ٹیمیں بہت تیاری کے ساتھ آئی ہیں، پاکستان کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی دکھانا پڑے گی۔علاوہ ازیں انہوں نے نجی ٹی و ی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہی آئی سی سی ہے ، وہ جس طرح چاہے گا دبئی میں پچ بنائے گا ، میں تو اس پر یہی کہہ سکتاہوں ، بمراہ کی کمی بھارتی سپنرز پوری کریں گے ، بد قسمتی سے ہماری ٹیم میں زیادہ سپنرز نہیں ہیں، حارث کا پتا نہیں کہ وہ فٹ ہواہے یا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچز میں ہم نے بہت بڑی غلطیاں کی ہیں، ٹیمیں ساری تیاری کے ساتھ آئی ہیں ، پاکستان کو تینوں شعبوں میں بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا تب ہی ہم مقابلہ کر سکیں گے ، ہمیں فیلڈنگ ، بیٹنگ اور باولنگ میں بہترین پرفارم کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک دو لڑکے ایسے ہیں جو کہ نہ تو فارم میں ہیں اور نہ ہی ان کا رویہ مجھے ایسا دکھائی دیا ، ان کا نام نہیں لوں گا، عامر جمال ٹھیک کھیل رہے تھے ، اب سلیکٹرز کے ذہن میں کیا تھا ، سمجھ سے باہر ہے ۔