لاہور ( این این آئی) قومی ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی نے بھی بابراعظم کو بطور اوپنر کھلانے کے سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کے نشتر چلا دیئے جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کپتان محمد رضوان اسکواڈ میں آل رائونڈر فہیم اشرف کو شامل کیے جانے پر خوش نہیں ہیں۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے ٹیم مینجمنٹ کے فیصلوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری سمجھ نہیں آرہا ہے کہ بابراعظم سے اننگز اوپن کروانے کا مشورہ کس نے دیا؟ میں اس فیصلے سے حیران ہوں، یہ کیسی سوچ ہے؟ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف 50-70رنز بنا کر تیسرے نمبر پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے تھے لیکن انہوں نے اپنی پوزیشن بدل دی۔
انہوں نے کہا کہ اب سہ فریقی سیریز میں 3میچز میں بابراعظم محض 62رنز بناسکے، یہ انتظامیہ کا نقطہ نظر اور ذہنیت ہے۔باسط علی نے دعویٰ کیا کہ کپتان محمد رضوان اسکواڈ میں آل رائونڈر فہیم اشرف کو شامل کیے جانے پر خوش نہیں ہیں، انہوں نے صرف 2اوورز کروائے اور جب دوبارہ بالنگ کروائی تو پاکستان تقریبا میچ ہار چکا تھا۔سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ہم بھارت کے میچ کی بات کرتے رہتے ہیں لیکن ہمیں پہلے نیوزی لینڈ کے بارے میں سوچنا چاہیے تھا۔ کیا یہ ٹیم ان کے خلاف کھیلے گی؟ کیا پچ ایسی ہوگی؟ کیا سلمان آغا 10 اوورز کروائیں گے؟ کیا آپ خوشدل شاہ کھیلیں گے؟۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بابراعظم کو سچن ٹنڈولکر کا کردار دیا گیا ہے یہ کسی لیجنڈ کیساتھ بدتمیزی والا موقف ہوا، سہ ملکی سیریز کا فائنل ہارنے سے مورال ڈائون ہوا ہے اور ہمارا پہلا میچ ہی اسی مہمان ٹیم کیخلاف ہے۔واضح رہے کہ چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19فروری سے ہوگا اور گرین شرٹس کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 9مارچ کو کھیلا جائے گا۔