لاہور ( این این آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا۔اس مرتبہ آئی سی سی نے مجموعی انعامی رقم میں گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 53فیصد اضافہ کیا ہے۔ٹورنامنٹ میں 69لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، فاتح ٹیم کو 22لاکھ 40ہزار جبکہ رنر آپ ٹیم کو 11لاکھ 20ہزار ڈالرز ملیں گے۔
سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 5لاکھ 60ہزار ڈالرز ملیں گے جبکہ ہر گروپ میچ جیتنے پر ٹیموں کو 34ہزار ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 3لاکھ 50ہزار جبکہ ساتویں نمبر کی ٹیم کو 1لاکھ 40ہزار ڈالرز ملیں گے۔علاوہ ازیں ہر ٹیم کو ایونٹ کھیلنے کے 1لاکھ 50ہزار ڈالرز بھی ملیں گے۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 19فروری سے 9مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔