لاہور (آن لائن) ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل شاداب خان عالمی دنگل سے قبل ہی خطرنا ک بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں ،جس وجہ سے وہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں شامل نہیں ہو سکیں گے ۔اتوار کو چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے ۔
جس کے سبب ڈاکٹرز نے انہیں 4ہفتوں کیلئے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے اور امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ تک فٹ ہو جائیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ شاداب خان کی بلڈ رپورٹ درست نہیں آئی اور ان کے خون کے نمونے میں ہیپاٹائٹس کے وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔بورڈ نے اس بات کی اطلاع ملتے ہیں شاداب کو ڈاکٹرز کے مشورے پر انگلینڈ کیخلاف سیریز نہ کھلانے کا فیصلہ کیا اور ان کے مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جانب سے چند دن قبل ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا اور شاداب خان بھی اس ٹیم کا حصہ تھے۔تاہم اب چند دن بعد ہی شاداب کے خطرناک بیماری کے شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے سبب ان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔پاکستانی ٹیم دورہ انگلینڈ اور عالمی کپ کے لیے منگل 23اپریل کو روانہ ہوں گے اور شاداب اس ٹیم کے ہمراہ نہیں جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے مطابق شاداب خان کا علاج انگلینڈ میں ہوگا اور متبادل کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔