اسلام آباد (این این آئی)انگلش فٹ بال کلب لیورپول کے عظیم سابق اسٹرائیکر اور ٹیم کے عالمی سفیر آن رش رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ فٹ بال کو ملک میں نچلی سطح پر فروغ دیں گے۔پاک ریڈز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں جاری پیغام میں اعلان کیا گیا کہ آن رش 21 اپریل کو لاہور میں قائم پاک ریڈز کے ہیڈ کوارٹرز میں لیورپول اور کارڈف کے درمیان شیڈول پریمیر لیگ کے میچ کی اسکریننگ میں شرکت کریں گے۔آن رش نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پاکستان جانے کا منتظر ہوں اور امید ہے کہ
وہاں میرا وقت بہترین گزرے گا۔انہوں نے کہاکہ کھیل کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جیت سے ان کی ٹیم لیگ ٹیبل میں سب سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرلے گی۔قبل ازیں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے ان کے پاکستان آمد کے سلسلے میں ملاقات کی تھی۔نفیس زکریا نے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان کو فٹ بال جیسے کھیلوں میں پروفیشنل سطح پر لایا جاسکتا ہے۔ہائی کمشنر نے آن رش اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔