لاہور(آئی این پی)ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا ،قومی ٹیم کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا ۔ گروپ ڈی میں شامل قومی ٹیم ہالینڈ جیسی تگڑی ٹیم اور ملائیشیا سے بھی ٹکرائے گی۔گروپ ڈی میں تین ٹیمیں ورلڈ چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں۔ پاکستان ٹیم کو سب سے زیادہ چار مرتبہ عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ نیدر لینڈ تین مرتبہ اور جرمنی کی ٹیم دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکی ہے۔توقیر ڈار کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب
سے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ معاون کوچز میں اولمپیئن دانش کلیم اور اولمپیئن ریحان بٹ شامل ہیں ۔رضوان سنئیر ٹیم کے کپتان اور عماد شکیل بٹ بطور نائب کپتان پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ایونٹ کے میچز 28 نومبر سے 16 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ 19 روز تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو ترتیب کے حوالے سے چار پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔عالمی ہاکی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر موجود بھارت پول سی میں شامل ہے۔