لندن( آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرپشن اور تعلیم کی کمی کو پاکستان کے دو سنگین مسائل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اللہ کرے عمران خان کرپشن کے خاتمے میں کامیابی حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کمی اور کرپشن ملک کے لیے سنگین مسائل ہیں۔آفریدی کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں وائی فائی پہنچ گئی، وہاں تعلیم پہنچائی جانی چاہیے، پڑھا لکھا پاکستان ترقی کی ضمانت ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔فاؤنڈیشن نے2 اسکولوں کا انتظام بھی سنبھال لیا۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سندھ کے علاقے ریڑھی اور وانگی گوٹھ میں دو اسکولوں کا انتظام سنبھالا ہے، شاہد آفریدی اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے درمیان معاہدے کے تحت ریڑھی گوٹھ میں ایس اے ایف اسکول کا افتتاح کیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ مشکل حالات کا سامنا کرنے والے بچے اب تعلیم حاصل کریں گے، پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔