ابوظہبی (آئی ا ین پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز فخر زمان نے لاہور قلندرز کے شائقین سے وعدہ کیا ہے کہ اس ایڈیشن میں قلندرز کی ٹیم انہیں مایوس نہیں کرے گی۔پاکستان سپر لیگ ڈرافٹ سے قبل فرنچائز کی جانب سے پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھے جانے کے بعد فخر زمان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں بھی لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔
فخر زمان نے کہا کہ لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ میں کوئی ٹائٹل تو نہیں جیتا لیکن قلندرز نے گراس روٹ پر جو کام کیا ہے اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی اور اس کام کی وجہ سے لاہور قلندرز نے لاکھوں دل بھی جیتے ہیں۔فخر زمان نے ٹیم کی ہمیشہ غیر مشروط سپورٹ کرنے والے فینز سے وعدہ کیا کہ اس بار لاہور قلندرز کی ٹیم انہیں مایوس نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے ٹیموں میں برقرار رکھنے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے مطابق۔پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے فخر زمان کو پلاٹینیم اور یاسر شاہ کو ڈائمنڈ میں برقرار رکھا ہے جب کہ کرس لین، سہیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، بلاول بھٹی، مستفیض الرحمن، مچل میک کلینگھن اور رضا حسن کو ریلیز کردیا گیا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کو قلندرز کا پلیئر ایمبیسیڈر بنادیا گیا ہے جس کے بعد وہ گولڈ سے سلور کیٹیگری میں آگئے ہیں۔قلندرز کی ٹیم پلیئرز ڈرافٹ میں پلاٹینیم کے 2، ڈائمنڈ کے 2، گولڈ کا ایک، سلور کا ایک اور ایمرجنگ یا ٹیلنٹ ہنٹ کیٹیگری میں 2 پلیئرز پک کرے گی۔