کراچی(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز نے سابق کپتان اور عظیم گیند باز وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلیں۔تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کراچی کنگز کے ساتھ بطور صدر منسلک ہوئے ہیں، اس سے قبل یہ عہدہ مایہ ناز آل رانڈر شاہد آفریدی کے پاس تھا۔وسیم اکرم پاکستان کے عظیم کرکٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 414 جبکہ ون ڈے کرکٹ میں 502 وکٹیں حاصل
کیں۔ان کی کپتانی میں پاکستان نے 1999کے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تاہم اس اہم معرکے میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔1992کے عالمی کپ کی فتح میں وسیم اکرم نے اہم ترین کردار ادا کیا تھا، فائنل میں وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ریٹائرمنٹ کے بعد وسیم اکرم کے کوچنگ کا پیشہ بھی اختیار کیا جبکہ وہ بطور کمنٹیٹر بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وسیم اکرم اس سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتانز سلطانز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔