لاہور(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو الگ کمپنی بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل کو کرکٹ بورڈ سے الگ کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی اور اس حوالے سے قانونی مشاورت بھی کی جارہی ہے۔پی سی بی کی جانب سے لیگ ڈیپارٹمنٹ کو پی ایس ایل کو الگ کرنے کے لیے جلد تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل
کا چیئرمین، گورننگ بورڈ اور مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ بھی کرکٹ بورڈ سے الگ ہوگا۔ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم ان کے دور میں یہ معاملہ تعطل کا شکار رہا۔یاد رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کی بنیاد رکھی تھی اور اب تک اس لیگ کا تین مرتبہ انعقاد ہوچکا ہے جس کے کچھ میچز پاکستان میں بھی کھیلے گئے۔