دبئی (آئی این پی)اس وقت پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان شعیب ملک نے ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا، یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے نامور کھلاڑیوں کے پاس بھی نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق 1999 سے قومی ٹیم کیلئے اپنی خدمات سرانجام دینے والے 36 سالہ آل رانڈر شعیب ملک کیویز کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے فتح سمیٹی تو ان کامیابیوں نے شعیب ملک کو ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں بطور کھلاڑی 201فتوحات کا حصہ بنادیا یعنی ٹی ٹوینٹی میچز میں
ان کے ہوتے ہوئے ٹیم نے 200سے زائد فتوحات حاصل کرلیں۔تجربے کار کھلاڑی نے کئی مختلف ٹی ٹوینٹی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔واضح رہے شعیب ملک پاکستان کے پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں 200 سے زائد فتوحات میں حصہ رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں بطور کھلاڑی سب سے زیادہ فتوحات ویسٹ انڈین کھلاڑی کیرون پولارڈ نے حاصل کیں جو 242 مرتبہ میچ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے جبکہ اس فہرست میں انہی کے ہم وطن ڈاوین براو کا نمبر دوسرا ہے جو 232 ٹی ٹوینٹی میچز جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔