لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے معطل اوپنر شرجیل خان کی پاکستان ٹیم اور ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے کام شروع ہوگیاہے اور اپنے بے گناہی کا راگ الاپنے والے اوپنر جلد ہی اعتراف جرم کرنے والے ہیں۔واضح رہے کہ شرجیل خان نے گزشتہ دنوں پی سی بی کے چیئرمین
احسان مانی سے ملاقات کرکے ڈھائی سالہ پابندی کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کیلئے اپیل کی تھی۔جس پر بورڈنے اسے ری ہیب پروگرام پر عمل درآمد کرنے کا کہاہے۔جس میں عوام کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرنا بھی شامل ہے۔اب اطلاعات آرہی ہیں کہ شرجیل خان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے کاروائی شروع کردی ہے جس کے سبب جلد ہی اس کی جانب سے بھی عوامی سطح پر اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف جرم سامنے آنے والا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان سے ملاقات ہوئی تھی۔جس میں بائیں ہاتھ سے جارحانہ بلے بازی کرنے والے کرکٹر نے سزا میں کمی کی اپیل کی تھی۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں شرجیل خان کو ان کی کرکٹ میں واپسی سے متعلق روڈ میپ کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگل ٹیم نے انہیں کرکٹ میں واپسی کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کیاتھا۔