لاہور/دبئی(این این آئی) ٹی 10 لیگ کیلئے کرکٹرز کو ریلیز کرنے پر پی سی بی کو 6لاکھ ڈالر ملیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کو اس کے بدلے 6لاکھ ڈالر حاصل ہوں گے، مجموعی طور پر 17پاکستانی کرکٹرز دوسرے ایڈیشن کیلئے مختلف ٹیموں میں شامل ہیں، آئیکون پلیئرز شاہد آفریدی اور شعیب ملک کے ساتھ محمد حفیظ، آصف علی، وہاب ریاض، سہیل تنویر، جنید خان، شان مسعود، سہیل خان ، عمراکمل، محمدسمیع اور دیگر کے نام فہرست میں موجود ہیں، یہ سب 104انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پول کا حصہ ہیں۔ٹی 10 لیگ کےدوران ہی پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز
یواے ای میں جاری ہوگی ٗاس میں شامل کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع نہیں ملے گا۔دریں اثناء دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران ٹی 10 لیگ کے بھارتی چیئرمین شجیع الملک نے پی سی بی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، انھوں نے کہاکہ ایونٹ میں شرکت پاکستان کے ساتھ دیگر ممالک کیلیے بھی حوصلہ افزا ہوگی،اس سے فارمیٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا، اب تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے اسٹارز شارجہ اسٹیڈیم میں دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 21نومبر سے ہوگا، 12 روزہ ایونٹ میں 29 میچز کھیلے جائیں گے۔