نیویارک(آئی این پی)امریکی ریاست فلوریڈا میں گالف سے لطف اندوز ہونے والے چند گالفرز کو اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب گالف کورس کے عین بیچ ایک بڑے سانپ نے آ کر کھیل کا مزہ کرکرا کردیا۔لوگن ان گیرر اور ان کے چند دوست کولمبس ڈے پر کیلیفورنیا کے مینگروو بے گالف کورس میں کھیل سے محظوظ ہو رہے تھے کہ اچانک لوگن کو محسوس ہوا کہ گھاس پر گالف اسٹک ہوا سے ہل رہی ہے تاہم جب انہوں نے ذرا قریب جا کر جائزہ لیا تو ان پر انکشاف ہوا کہ یہ کوئی گالف اسٹک نہیں بلکہ ایک
بڑا زہریلا سانپ تھا۔ماہر جنگلی حیات ڈیوڈ اسٹین نے بتایا یہ کوئی ڈائمنڈ بیک ریٹل اسنیک لگتا ہے جو شمالی امریکا میں پایا جانے والا سب سے بڑا زہریلا سانپ ہے اور یہ 8فٹ تک لمبا ہو سکتا ہے۔لوگن کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیو بھرپور وائرل ہوئی اور اسے اب تک ہزاروں لوگوں کی جانب سے پسند کیے جانے کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں کی جانب سے شیئر بھی کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک سنسنی خیز لمحہ تھا اور فلوریڈا میں گالف کھیلتے ہوئے اس طرح کا منظر روز روز دیکھنے کا موقع نہیں ملتا۔