لاہور(آن لائن)آسٹریلیا کیخلاف 2 ٹیسٹ سیریز میں 17 وکٹیں لینے والے پاکستانی میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق محمد عباس نے 800 پوائنٹس حاصل کرکے 11 درجے بہتری پائی ہے۔آئی سی سی کے مطابق محمد عباس 10ویں پاکستانی بولر ہیں، جنہوں نے 800 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل یاسر شاہ 10، فضل محمود 16، عمران خان اور وسیم اکرم 37، وقار یونس 12،
مشتاق احمد 25، شعیب اختر 29 اور محمد آصف اور سعد اجمل 19 ٹیسٹ میچز کھیل کر اس ریٹنگ پوائنٹ تک پہنچ سکے ہیں۔نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی آف اسپنر بلال آصف بھی 17 درجے بہتری کے بعد 52 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔دوسری جانب بیٹسمینوں کی رینکنگ میں ویرات کوہلی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، اسٹیو اسمتھ دوسرے اور کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔اس فہرست میں پاکستان کے اظہر علی 15ویں نمبر پر موجود ہیں۔واضح رہے کہ محمد عباس نے صرف 10 ٹیسٹ میچز کھیل کر ہی رینکنگ میں تیسرا نمبر حاصل کیا۔