ابو ظہبی(این این آئی)ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چکر آنے کی شکایت کے بعد سی ٹی اسکین کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران سرفراز احمد کی کلائی پر مچل اسٹارک کی گیند لگی تھی جبکہ تیسرے روز انہیں دوبارہ سر پر گیند لگی۔پاکستانی کپتان نے رات کو سر چکرانے کی شکایت کی جس کے بعد انہیں احتیاطاًہسپتال
لے جایا گیا تاکہ سی ٹی اسکین سے صورتحال واضح ہوسکے۔ڈاکٹرز کے مطابق سرفراز کی صحت تسلی بخش ہے تاہم انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔سرفراز کے باہر ہونے پر صبح سویرے پاکستان اے ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو دبئی سے ابوظہبی طلب کر لیا گیا ٗجمعے کی صبح 6 بجے محمد رضوان کو دبئی میں نیند سے جگا کر ابوظہبی جانے کی ہدایت کی گئی ٗآسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے دن کپتان سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کی ۔