ابوظہبی( آن لائن )پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کارنامہ سر انجام د ے دیا جو اس سے قبل کوئی پاکستانی فاسٹ باؤلر نہیں کرپایا تھا ۔28سالہ محمد عباس کو منگل کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں تیز ترین 50وکٹوں کا وقاریونس ، محمد آصف اور شبیر احمد کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے ایک وکٹ درکار تھی اور انہوں نے کینگرو اوپنر عثمان خواجہ کو وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر یہ کارنامہ سر انجام دے دیا ۔عباس یہ کارنامہ انجام دینے والے
مشترکہ طور پر دوسرے پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے صرف 9 میچز میں پچاس وکٹیں مکمل کر کے ملکی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ وقار، آصف اور شبیر نے 10، 10 میچز میں یہ اعزاز پایا تھا اور اب عباس بھی آسٹریلیا کے خلاف کیریئر کے دسویں میچ میں اس ریکارڈ میں شراکت دار بن گئے ہیں۔عباس اب تک10ٹیسٹ میچز میں 15.94کی اوسط سے54وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ پاکستان کے پہلے فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے 10ٹیسٹ میچز میں اتنی وکٹیں حاصل کی ۔