اسلام آباد(این این آئی)رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ صحت مندانہ معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے ملک میں وزیراعظم عمران خان کھیلوں کی ترقی چاہتے کیونکہ وہ خود بھی ایک قومی ہیرو رہ چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رو ز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں اسا س انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کومیکو فٹ سال چیمپیئن شپ کے موقع پر ٹیموں کے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسلا م آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری، نائب صدر محمد زمان، ٹورنامنٹ سیکرٹری حفصہ ارشد
کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے قومی سرمایہ ہیں اور امن کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا سب کا فرض ہے، صداقت عباسی نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی پابندی کرنی چاہئے اور کھیل بھی ہمیں یہ ہی سیکھاتا ہے، انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سخت سے سخت محنت کر کے انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرنا چاہئے،آخر پر انہوں نے اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔