سوئٹزرلینڈ(آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جاسکتی ہے، بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں نمائشی میچ کھیل کر مزا آیا اور وہ ایونٹ بہت مثبت رہا،پی ایس ایل کے دو میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کے لئے وہاں میچ ہونا ایک بڑا لمحہ ہے جب کہ پاکستان میں اس طرح کے میچز سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔
بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رہنا چاہیے اور کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر پڑی برف کو پگھلانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جب کہ کھیلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن لایا جاسکتا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں نمائشی میچ کھیل کر مزا آیا اور وہ ایونٹ بہت مثبت رہا، ان کے خیال میں اس طرح کے مزید ایونٹس مستقبل میں بھی ہونے چاہییں۔سابق قومی ٹیم کے کپتان نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے خلاف عالمی مقابلوں کا انعقاد کرانا چاہیے۔پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ وہاں عالمی کرکٹ کی بحالی ہورہی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کے دو میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کے لئے وہاں میچ ہونا ایک بڑا لمحہ ہے جب کہ پاکستان میں اس طرح کے میچز سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔