لاہور( این این آئی)مڈل آڈر بلے باز عمر اکمل نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر ناروا سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر کے سامنے بغیر کسی وجہ سے سرزنش اور گالیاں دی گئیں، چیئرمین بورڈ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس حوالے سے باضابط بورڈ کو درخواست بھی دوں گا ، میں پاکستان کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن میرے راستے میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے ، مکی آرتھر نے کہا کہ تمہیں کلب کرکٹ کھیلنی چاہیے تمہیں کس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی آنے کی اجازت دی ۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ جب مجھے گھٹنے کی انجری ہوئی تو میں نے بورڈ کے ڈاکٹر کو آگاہ کیا تھا اور کہا تھاکہ مجھے ایکسر سائز بتائی جائے لیکن کہا گیا کہ آپ کا آپریشن ہوگا لیکن مجھ پر توجہ نہیں دی گئی ۔ میں گھٹنے کی انجری کے علاج کیلئے اپنے خرچے پر لندن گیا اور جانے سے قبل باضابطہ طور پر آگاہ بھی کیا جس کے میرے پاس ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی فٹنس کو بہتر کرنا چاہتا ہوں لیکن مجھے سہولیات نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر کے سامنے نہ صرف میری سر زنش کی بلکہ مجھے گالیاں بھی دیں ۔ انضمام الحق سمیت دیگر نے مکی آرتھر کو نہیں روکا کہ یہ پاکستان کا کھلاڑی ہے او ریہ میرے لئے انتہائی شرم کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کیلئے کھیلتا ہوں میں اس تضحیک کو برداشت نہیں کر سکتا اس لئے میں اس معاملے کو اپنے پرستاروں کے سامنے لے کر آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کیلئے انضمام الحق کے سامنے میرے فٹنس ٹیسٹ ہوئے اور مجھے بھجوایاگیا لیکن وہاں دوبارہ فٹنس ٹیسٹ کے نام پر میرے کھیل میں رکاوٹ ڈالی گئی اور مجھے واپس بھجوایاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ پریس کانفرنس بورڈ کے خلاف نہیں کر رہا ، مکی آرتھر بورڈ کے ملازم ہیں اس لئے ان کے بارے میں بات کر رہا ہوں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے 2009ء میں ڈیبیو کیا اور میں نے بورڈ کے کسی رولز کو نہیں توڑا،
کسی بھی بیرونی دورے کے دوران مجھے جرمانہ نہیں ہوا،اس حوالے سے بورڈ سے ریکارڈ نکلوا لیا جائے اگر ایک بھی جرمانہ ثابت ہو جائے تو میں ہر طرح کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا بورڈ کے چیئرمین سے مطالبہ ہے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور میں اس حوالے سے باضابطہ بورڈ کو درخواست بھی دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماضی میں کسی بھی کوچ کے ساتھ جھگڑا نہیں ہوا بلکہ اب بھی میر ے ساتھ زیادتی ہوئی تو میں اس معاملے کو میڈیا میں لے کر آیا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میرا پروفیشن ہے لیکن میری ذاتی زندگی کے بارے میں بات نہیں کی جانی چاہیے ۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات مسترد کر دیئے ۔ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے عمر کو کارکردگی میں بہتری لانے کا کہا تھا۔