لاہور( این این آئی )چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کیخلاف سنچری بنا کر پاکستان کو فتح دلانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فخر زمان کا انگلش کاؤنٹی کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔ اگرچہ بعض ذرائع ان خدشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں کہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف پاکستانی کھلاڑیوں کے نیشنل ٹی ٹونٹی کھیلنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ ان کے معاہدوں میں یہ شق موجود ہے کہ وہ صرف نیشنل ڈیوٹی کی صورت میں ہی واپس جا سکتے ہیں
اور یہ بات پیش نظر رکھی جائے تو یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے سرفراز احمد، لنکا شائر کے جنید خان اور ایسیکس کے محمد عامر وطن واپس آ کر ڈومیسٹک ایونٹ نہیں کھیل سکتے لیکن پی سی بی کی جانب سے واپسی کے احکامات نے سمرسٹ کی نمائندگی سے پہلے ہی فخر زمان کا کاؤنٹی کیریئر انجام کو پہنچا دیا ہے۔انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ میتھیو مینارڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ پاکستانی بیٹسمین فخر زمان کلب جوائن نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیربین پریمیر لیگ اور کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف اپنے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو وطن واپسی کی ہدایت کر دی ہے جس میں فخر زمان بھی شامل ہیں۔میتھیو مینارڈ کے مطابق ویزے کے حصول کے بعد فخر زمان کو کورے اینڈرسن کی جگہ سنبھالنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہونا تھا لیکن اب وہ انگلش کلب سے منسلک نہیں ہو سکیں گے اور اب سمرسٹ کو ان جیسا کوئی دوسرا کھلاڑی تلاش کرنا پڑے گا جو کلب کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو سہارا دے سکے۔ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف پاکستانی کھلاڑیوں کے نیشنل ٹی ٹونٹی کھیلنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ ان کے معاہدوں میں یہ شق موجود ہے کہ وہ صرف نیشنل ڈیوٹی کی صورت میں ہی واپس جا سکتے ہیں