لاہور(آئی این پی) ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مستقبل کی ٹیسٹ ٹیم کا خاکہ پیش کردیا۔لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق جیسے شہرہ آفاق کرکٹرز کا خلا پر کرنا چیلنج ہے۔ امید ہے کہ اظہر علی، بابر اعظم اور اسد شفیق توقعات کا بوجھ اٹھائیں گے، انھوں نے کہا کہ اوپننگ کیلیے مناسب جوڑی کی تلاش میں ہیں، احمد شہزاد، شان مسعود اور سمیع اسلم زیر غور ہیں، ان میں 2سرفہرست ہونگے،
اظہر علی نمبر 3 پر بیٹنگ کیلیے آئیں تو بعد میں اسد شفیق اور بابر اعظم موجود ہوں گے، عثمان صلاح الدین کی تکنیک بہترین اور وہ بیٹنگ لائن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ہیڈ کوچ نے بتایا کہ حارث سہیل بھی انجری سے نجات کے بعد اچھی فارم میں ہیں اوربطور اسپنر بھی ٹیم کے کام آ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر پوزیشن کیلیے کھلاڑیوں میں سخت مقابلہ ہے تاہم ہم درست کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔