لندن ( این این آئی) پاکستان کے فخر زمان انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کی امیدوں کا مرکز بن گئے، انہیں نیوزی لینڈ کے زخمی آل راؤنڈر کورے اینڈرسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری بنانے والے فخر زمان انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں فخر زمان سمرسٹ کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ کاؤنٹی کے ڈائریکٹر کرکٹ میتھیو مینارڈ کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو سمرسٹ کو جوائن کرنا ان کے لئے باعث مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے اختتامی میچز
کے لئے ہمیں جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کی خدمات بھی میسر آجائیں گی لیکن ایلگر کاؤنٹی چمپئن شپ کے لئے مزید دستیاب نہیں ہوسکیں گے اس لئے 4 روزہ کاؤنٹی میچز کے لئے ہمارا انحصار فخر زمان پر ہوگا جس سے امید ہے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لئے موثر کردار ادا کرے گا۔سمرسٹ کاؤنٹی نے فخر زمان کی خدمات نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کے زخمی ہونے کی وجہ سے حاصل کی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر اینڈرسن زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ پاکستانی رائزنگ اسٹار ویزا ملتے ہی ان کی جگہ لینے انگلینڈ پہنچ جائیں گے۔