دبئی ( این این آئی)آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی،پاکستان کی حیرت انگیز پوزیشن، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ کے بعد پاکستان کے اظہر علی کی 2 درجہ ترقی ہو گئی جس کے بعد وہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کاک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر آ گئے ۔آئی سی سی نے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے بعد پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔
بیٹنگ میں پاکستان کے اظہر علی کی گھر بیٹھے 2 درجہ ترقی ہو گئی ہے اور وہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کاک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔بیٹنگ کی پہلی 5 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سٹیو سمتھ بدستور سرفہرست ہیں، جوئے روٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے، چتیشور پجارا چوتھے اور ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ اظہر علی اور ڈیوڈ وارنر 2،2درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب چھٹے اور ساتویں، کوانٹن ڈی کاک 2 درجے تنزلی کے ساتھ 8 ویں، جونی بیئراسٹو 3 درجہ آگے آتے ہوئے 9 ویں اور ہاشم آملہ 3 درجہ تنزلی کے ساتھ ٹاپ 10 سے اخراج کے دہانے پر آ گئے ہیں۔بولرز میں پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، یاسر شاہ 14 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بھارتی سپنر رویندرا جدیجا بدستور بولرز میں سرفہرست ہیں جبکہ ان کے ساتھی روی چندرن ایشون نے رنگنا ہیراتھ کو ایک درجہ پیچھے دھکیلتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے، جیمز اینڈرسن نے جوش ہیزل ووڈ کی جگہ چوتھی پوزیشن سنبھالی ہے، کاگیسو ربادا بدستور چھٹے، ڈیل سٹین ایک درجہ بہتری کیساتھ 7 ویں، سٹورٹ براڈ 2 درجہ پیچھے جاتے ہوئے 8 ویں جبکہ ورنن فلینڈر اور نیل ویگنر بدستور 9 ویں اور 10 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ آل راؤنڈرز کی پہلی چار پوزیشنز میں تبدیلی نہیں ہوئی، جبکہ انگلش آل رانڈر بین اسٹوکس ایک درجہ بہتری کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔