لاس اینجلس(آئی این پی) اولمپک گیمز 2028 کی میزبانی کے حوالے سے امریکی ریاست لاس اینجلس اور انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد 2028 میں یہ میگا ایونٹ لاس اینجلس میں منعقد ہو گا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس نے ابتدائی طور پر 2024 اولمپکس گیمز کی میزبانی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی تاہم اس کے مدمقابل فرانس کے دارالحکومت پیرس نے بھی اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔
اس سلسلے میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے کہا تھا کہ چونکہ لاس اینجلس اور پیرس دونوں ہی مضبوط امیدوار ہیں لہذا وہ ایک شہر کو 2024 اور ایک شہر کو 2028 کی میزبانی دے دے گا۔بعد ازاں لاس اینجلس نے کہا تھا کہ وہ اولمپکس 2024 کی میزبانی کے حوالے سے اپنی درخواست پر نظر ثانی کرے گا تاہم پیرس نے کہا تھا کہ وہ ہر حال میں 2024 اولمپک گیمز کی ہی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ اب یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ لاس اینجلس اور اولمپکس کمیٹی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور لاس اینجلس میں اولمپکس کا عالمی میلہ 2028 میں سجے گا اور اس سلسلے میں جلد باضابطہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔2028 میں اولمپک گیمز کا لاس اینجلس میں ہونا پاکستان کے لیے بھی خوشی کی خبر ہے کیوں کہ لاس اینجلس سے پاکستان کی سنہری یادیں وابستہ ہیں اور پاکستان نے لاس اینجلس کے میدان میں ہی ہاکی میں اپنا آخری اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا۔ یہ اولمپک گیمز 1984 میں منعقد ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے اب تک پاکستان کسی بھی کھیل میں اولمپک گولڈ حاصل نہیں کرسکا ہے۔