لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن کی جانب سے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کے لئے دائر درخواست پر وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا۔عدالت عالیہ کے روبرو شاہ زیب کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میچ فکسنگ کیس ٹریبیونل میں زیر سماعت ہے، شفاف ٹرائل کے بغیر کسی شہری کو مجرم گردانا جا سکتا اور نہ ہی خلاف قانون کارروائی کی جا سکتی ہے، میچ فکسنگ کیس ٹریبیونل میں
زیر سماعت ہونے کے باوجود پی سی بی کے ایماپر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کر دیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کرکٹر اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے انگلینڈ جانا چاہتے ہیں اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے سرکاری وکیل کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلی سماعت پر لازما جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے، وزارت داخلہ اور پی سی بی سے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا۔